• ہلوکی روڈ ڈیفنس
  • Mon - Sat 8:00 - 18:00

تکبر

آیات

-1

اور یادکرو جب ہم نے فرشتوں سے کہاکہ آدم کو سجدہ کرو تو انہوں نے سجدہ کیا سوائے ابلیس کے، اس نے انکارکیا اور تکبر کیا اور کافروں میں سے ہوگیا۔(سورہ بقرہ : 34

-2

میں اپنی آیتوں سے ان لوگوں کو پھیر دوں گا جو زمین میں ناحق تکبر کرتے ہیں۔

(سورہ اعراف: 146)

-3

بے شک اللہ تعالیٰ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔(سورہ نحل:  23

احادیث

-1

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:دوزخ اور جنت کا آپس میں مباحثہ ہوا ،دوزخ نے کہا: ’’میرے اندرسرکش اور متکبر داخل ہوں گے۔‘‘ جنت نے کہا:’’میرے اندر کمزور اور مسکین لوگ داخل ہوں گے۔‘‘ پس اللہ تعالیٰ نے دوزخ سے فرمایا:’’تو میراعذاب ہے ،تیرے ذریعے میں جسے چاہوں عذاب دیتا ہوں‘‘ اور جنت سے فرمایا’’ کہ تو میری رحمت ہے ،تیرے ذریعے میں جس پر چاہتا ہوں رحم کرتا ہوں۔اور تم میں سے ہرایک کو بھر دیا جائے گا۔(بخاری ،مسلم

-2

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس کے دل میں رائی کے دانے کے برابر بھی تکبر ہو وہ جنت میں داخل نہیں ہوگا۔ ایک شخص نے پوچھا،جو شخص یہ پسند کرتا ہو کہ اس کے کپڑے اچھے ہوں اورجوتا اچھا ہو (تو کیا یہ بھی تکبرہے؟)آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’بے شک اللہ تعالیٰ جمیل ہے اور جمال کو پسند کرتا ہے۔تکبر یہ ہے کہ حق کو ٹھکرایا جائے اور لوگوں کو حقیر سمجھا جائے۔(مسلم

-3

حضرت ثوبان رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’جس شخص کا انتقال اس حال میں ہو کہ وہ تکبر ، خیانت اور قرض سے پاک ہو تو وہ جنت میں داخل ہوگا۔ (ترمذی

-4

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ تکبر میری چادر ہے اور عظمت میراازار ہے ،جو شخص ان دونوں میں سے کوئی ایک مجھ سے چھیننا چاہے گامیں اسے جہنم میں ڈال دوں گا۔(مسلم ،ابن ماجہ

-5

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ایک شخص اپنی چادروں میں اکڑتا ہوا چل رہا تھا ،اسے اپنے اوپر گھمنڈ آگیا ،اللہ تعالیٰ نے اسے زمین میں دھنسادیا ،پس وہ قیامت کے دن تک زمین میں دھنستا چلا جائے گا۔(بخاری ،مسلم

آثارواقوال

-1

حضرت عیسیٰ علیہ الصلوٰ ۃ والسلام فرماتے ہیں :’’کھیتی نرم زمین میں اگتی ہے ،چٹان پر نہیں اگتی، یونہی حکمت عاجز انسان کے دل میں پیداہوتی ہے متکبر کے دل میں پیدانہیں ہوتی ،کیا تم نہیں دیکھتے کہ جو شخص اپنا سر چھت تک بلند کرتا ہے وہ اپنے آپ کو زخمی کرلیتا ہے اور جو سر کو جھکا دیتا ہے اسے چھت سایہ اور حفاظت مہیا کرتی ہے۔(احیاء العلوم

-2

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ جو شخص اللہ تعالیٰ کے لئے عاجزی اختیار کرتا ہے خود کوچھوٹا بنا کر،اسے اللہ تعالیٰ قیامت کے دن بلندی عطا کرے گا اور جو تکبر کرتا ہے اپنے آپ کو بڑابناکر، اسے اللہ تعالیٰ قیامت کے دن ذلیل کرے گا۔(کتاب الزھد للوکیع

-3

احنف بن قیس رحمہ اللہ تعالیٰ کا قول ہے کہ تعجب ہے اس ابن آدم پر جو تکبر کرتا ہے حالانکہ وہ دوبارپیشاب کی جگہ سے نکلاہے۔ (احیاء العلوم

-4

حضرت مسروق رحمہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ انسان کے عالم ہونیکے لئے یہ کافی ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے ڈرتا ہو اور اس کے جاہل ہونے کے لئے یہ کافی ہے کہ وہ اپنے علم پر گھمنڈ کرے۔ (درمنثورللسیوطی

-5

وھب بن منبہ رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں جب اللہ تعالیٰ نے جنت عدن کو پیدا فرمالیا تو اس کی طرف دیکھ کر فرمایا:’’ تو ہر متکبر پر حرام ہے۔‘‘(احیاء العلوم

-6

امام ابن قیم رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ’’کفرکے چارارکان ہیں،تکبر ،حسد ،غضب اور شہوت۔‘‘ (الفوائدلابن القیم رحمہ اللہ تعالیٰ

تکبرکے نقصان

-1

تکبرایک ایسا راستہ ہے جو انسان کو اللہ تعالیٰ کے غضب کی طرف لے جاتا ہے۔

-2

تکبر کی وجہ سے انسان ،اللہ تعالیٰ سے دور ہوجاتا ہے اور اللہ تعالیٰ کے بندوں سے بھی

-3

تکبر کی وجہ سے عمرمیں برکت ختم ہوجاتی ہے۔

-4

تکبر ان اسباب میں سے ہے جن کی وجہ سے بندہ ہدایت اور اطاعت سے محروم ہوجاتا ہے۔

-5

اہل تکبر کو اللہ تعالیٰ اپنی آیات سے پھیر دیتا ہے ،ان کی بصیرت ختم ہوجاتی ہے اور وہ حق کو نہیں دیکھ سکتے۔

-6

متکبر ،اللہ تعالیٰ کی رحمت سے محروم رہتا ہے اور وہ جہنم کا مستحق ہوجاتا ہے۔

© Copyright 2025, All Rights Reserved