پیدائش و بچپن
حضرت علی مرتضیٰ ؓ ہجرت سے اکیس سال پہلے خانہ کعبہ میں پیدا ہوئے۔ اُن کا اصلی نام علیؓ اور کنیت ابوالحسن ٗ ابوتراب ہے۔ ماں نے ان کا نام حیدر رکھا۔ جس کے معنی پھاڑنے والا شیر ہے۔ امین ٗ شریف ٗ مرتضیٰ ٗ اسد اللہ اور امیر المومنین ان کے القاب ہیں۔
خاندانی اعتبار سے آپ دونوں طرف سے ہاشمی ہیں۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا زاد بھائی اور داماد بھی تھے۔ آپ کے والد کا نام ابوطالب بن عبدالمطلب ہے۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر آٹھ سال کی تھی کہ آپ کے دادا عبدالمطلب کا انتقال ہو گیا۔ اس پر وہ حضرت علیؓ کے والد یعنی اپنے چچا حضرت ابوطالب کے پاس گئے اور ابوطالب کی وفات تک چچا کے ساتھ رہے۔ ابوطالب آنحضرت ؐ کے لئے باپ کے برابر تھے۔ باوجود یکہ بظاہر اُنہوں نے اسلام قبول نہیں کیا۔ تاہم ان کو ہرگز یہ گوارا نہ تھا کہ کوئی اُن کے بھتیجے کو تکلیف دے ۔ یہی وجہ تھی کہ جب تک ابوطالب زندہ رہے۔ آنحضرت ؐ مصائب سے بچے رہے۔
حضرت علی کی والدہ فاطمہ بنت اسد بن ہاشم تھیں۔ ان کا شجرہ نسب بھی دوسری پُشت میں رسُول ِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے جا ملتا ہے۔ جناب رسُول خُدا صلی اللہ علیہ وسلم کو ان کی والدہ سے اس قدر محبت تھی کہ حضور ؐ انہیں ماں کہا کرتے تھے۔
عرب کے رواج کے مطابق حضرت علیؓ قبیلہ بنی ہلال کی ایک دایہ کے سپرد تھے۔ جس نے دو ڈیڑھ سال تک پرورش کی اور دودھ پلایا۔ اس کے بعد اپنی والدہ کے پاس چلے آئے۔ بچپن سے ہی آنحضرت ؐ کو حضرت علیؓ سے ایک خاص محبت تھی جو آخر وقت تک قائم رہی۔ یہاں تک کہ پھر یہ رسُول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے داماد بنے۔
جس وقت رسُولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے نبوت کا اعلان کیا۔ اُس وقت اِن کی عمر نو ٗ دس سال کی تھی۔ بچوں میں سب سے پہلے آپ ہی مُشرف باسلام ہوئے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کا یہ عالم تھا کہ رسالت پناہ ؐ کی زبان سے جو بات نکلتی تھی۔ آپ اُس کو پورا کرنے کو تیار ہو جاتے تھے۔
دوسرے صحابہؓ کی طرح حضرت علیؓ کو بھی کفار قریش کے ہاتھوں بہت سی تکالیف برداشت کرنی پڑیں۔ جب آپ کے والد ابوطالب نے انتقال کیا تو اُس وقت اُن کی عمر بیس سال تھی۔
© Copyright 2025, All Rights Reserved