• ہلوکی روڈ ڈیفنس
  • Mon - Sat 8:00 - 18:00

غیظ وغضب پر عذاب اور تحمل وعفو کا ثواب

غیظ وغضب پر عذاب اور تحمل وعفو کا ثواب

احادیث

-1

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :جو شخص آپ سے قطع تعلق کرے آپ ان سے ملیں، اور جو آپ پر ظلم کرے تو آ پ اس کو معاف کردیں ،اور جو آپ کے ساتھ برائی کرے آپ اس کے ساتھ احسان کریں۔

-2

حضر ت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں عرض کیا کہ مجھے کچھ وصیت فرمائیں توآپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’غصہ مت کیا کرو۔‘اس نے کئی مرتبہ یہی بات کہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر بار یہی ارشاد فرمایا کہ ’’غصہ مت کیاکرو۔‘‘(صحیح بخاری

-3

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا :’’پہلوان وہ نہیں جو دوسروں کو کشتی میں پچھاڑدے بلکہ بڑا مضبوط پہلوان وہ ہے جو غصے کے وقت خو دکو قابومیں رکھے۔‘‘(بخاری ،مسلم

4

حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’جو شخص اپنے غصے کو روک لے اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس سے اپنا عذاب روک لیں گے۔(بیہقی

-5

حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ مجھ کو اللہ تعالیٰ کے غضب سے کون سی چیز بچاسکتی ہے ؟تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’غصہ مت کرو‘‘۔(احیاء العلوم

-6

حضرت ابو الدرداء رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ مجھے کوئی ایسا عمل ارشاد فرمائیں جس سے میںجنت میں داخل ہوجائوں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ’’غصہ نہ کرو‘‘۔(احیاء العلوم

-7

حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما فرماتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’جو شخص اپنے غصہ کو روک لے اللہ تعالیٰ اس کی پردہ پوشی فرماتے ہیں۔(احیاء العلوم

-8

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’جو شخص یہ چاہے کہ اس کے محلات جنت میں اونچے ہوں اور اس کے درجات بلند ہوں اس کو چاہئیے کہ جس نے اس پر ظلم کیا ہو اس کو معاف کردے اور جس نے اس کو کبھی کچھ نہ دیا ہو اس کو بخشش اور ہدیہ دیا کرے ،اور جس نے اس سے تر ک تعلق کیا ہو یہ اس سے ملنے میں پرہیز نہ کرے۔

-9

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :قیامت کے روز اللہ تعالیٰ کی طرف سے منادی ہوگی کہ جس شخص کا اللہ تعالیٰ پر کوئی حق ہے وہ کھڑا ہوجائے تو اس وقت وہ لوگ کھڑے ہونگے جنھوں نے لوگوں کے ظلم وجورکودنیا میں معاف کیا ہوگا‘‘۔

© Copyright 2025, All Rights Reserved