ریاکاری کی مذمت
احادیث
-1
حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں آیا اور کہا:’’اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم !کوئی آدمی غنیمت کے لئے لڑتا ہے ،کوئی آدمی اپنی بہادری دکھانے کے لئے لڑتا ہے ، اللہ تعالیٰ کے راستے میں لڑنے والا کون ہے ؟ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’جو شخص اس لئے لڑے تا کہ اللہ تعالیٰ کا حکم بلند ہو تو وہ اللہ تعالیٰ کے راستے میں ہے۔(بخاری
-2
حضرت محمود بن لبیدرضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس چیز کے بارے میں مجھے تم پر سب سے زیادہ خوف ہے وہ شرک اصغر ہے۔‘‘صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم نے عرض کیا اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم !شرک اصغر کیا ہے …؟ رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’دکھاوا! بیشک اللہ تعالیٰ قیامت کے دن فرمائیں گے : جائو ان لوگوں کے پاس جن کو دکھانے کے لئے تم لوگ دنیا میں عمل کرتے تھے ،پھر دیکھوکیا تم ان کے پاس سے کوئی بدلہ پاتے ہو۔‘‘ (مسند احمد
-3
حضرت شداد بن اوس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ جس شخص نے دکھانے کے لئے نماز پڑھی تو تحقیق اس نے شرک کیا، اور جس نے دکھاوے کے لئے روزہ رکھا اس نے بھی شرک کیا اور جس نے بغرض ریا صدقہ کیا تو اس نے بھی شرک کیا۔(مسنداحمد
-4
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے میں شرک سے سب سے زیادہ بے نیاز ہوں ،جو کوئی ایسا عمل کرے جس میں میرے سوا کسی اور کو شریک ٹھہرائے میں اسے بھی اور اس شرک کو بھی چھوڑ دیتا ہوں۔ (مسلم
© Copyright 2025, All Rights Reserved