• ہلوکی روڈ ڈیفنس
  • Mon - Sat 8:00 - 18:00

جھوٹ

احادیث

-1

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’منافق کی تین نشانیاں ہیں ،جب بات کرتا ہے ، جھوٹ بولتا ہے ،جب وعدہ کرتا ہے وعدہ خلافی کرتا ہے اور جب اس کے پاس کوئی چیز امانت رکھی جاتی ہے تو اس میں خیانت کرتا ہے۔

(بخاری ،مسلم)

-2

حضرت ابو امامہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’میں اس شخص کے لئے جنت کے کنارے پر گھر کی ضمانت دیتا ہوں جو حق پر ہونے کے باوجود جھگڑا چھوڑدے ،اور جنت کے وسط میں ضمانت دیتا ہوںاس شخص کے لئے جو مذاق میں بھی جھوٹ نہ بولے اور جنت کے اعلیٰ درجہ میں ضمانت دیتا ہوں اس شخص  کے لئے جس کے اخلاق اچھے ہوں۔ (ابوداوٗد

-3

حضرت حکیم بن حزام رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’بائع اور مشتری کو اختیار ہوتا ہے جب تک کہ دونوں جدانہ ہوجائیں اگر وہ دونوں سچ بولیں اور (عیب وغیرہ )بیان کردیں تو ان کی بیع میں برکت دی جاتی ہے اور اگر وہ چھپائیں اور جھوٹ بولیں تو ان کی خریدوفروخت کی برکت ختم کردی جاتی ہے۔(بخاری

-4

حضرت ابو حوراء سعدی رحمہ اللہ تعالیٰ کہتے ہیں میں نے حضرت حسن بن علی رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے پوچھا :’’آپ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کون سی (اہم ) بات یاد رکھی ہے ،انہوں نے بتا یا کہ میں نے رسول اللہسے یہ بات یاد رکھی ہے ، ’’جو بات شک میں ڈالے اسے چھوڑ کر ایسی بات اختیار کرو جو شک میں ڈالنے والی نہ ہو کیونکہ سچائی اطمینان کا سبب ہوتی ہے اور جھوٹ شک اور بے اطمینانی پیداکرتا ہے۔(ترمذی

-5

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’مسلمان مسلمان کا بھائی ہے نہ اس سے خیانت کرتا ہے نہ اس سے جھوٹ بولتا ہے اور نہ ہی اسے بے یارومدگار چھوڑتا ہے ،ہر مسلما ن کی عزت ،مال اور خون دوسرے مسلمان پر حرام ہے۔(دل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ):تقویٰ یہاں ہوتا ہے ،کسی انسان کے شر کے لئے یہی بات کافی ہے کہ وہ اپنے مسلمان بھائی کو حقیر سمجھے۔

© Copyright 2025, All Rights Reserved