بدنظری پر احادیث
-1
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ نگاہ شیطان کے تیروں میں سے ایک تیر ہے جو شخص اس سے اللہ تعالیٰ کے خوف کی وجہ سے بچے تو اللہ تعالیٰ اس کو ایسا نور ایمانی عطا فرماتے ہیں جس کی مٹھاس اور لذت دل میں محسوس کرتا ہے۔
-2
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ جس کی نظر کسی عورت کے حسن وجمال پر پڑجائے پھر وہ اپنی نگاہ ہٹالے تو اللہ تعالیٰ اس کے بدلے میں ایک ایسی عبادت اسے عطا فرماتے ہیں جس کی لذت وہ اپنے دل میں محسوس کرتا ہے۔
-3
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کاارشاد ہے کہ یا تو تم اپنی نگاہ نیچی رکھو اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرو ورنہ پھر اللہ تعالیٰ تمہاری صورتیں بدل دیں گے۔
-4
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا کہ اللہ تعالیٰ بد نظری کرنے والے مرد اور اس عورت پر جس کو وہ مرد بری نگاہ سے دیکھتا ہے ، لعنت کرتے ہیں۔
تنبیہ
عورت پر یہ لعنت اس وقت ہے جبکہ اس کی طرف سے بے پردگی اور بدنظری کے اسباب ہوں۔
-5
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ آنکھیں زنا کرتی ہیں اور ان کا زنا دیکھنا ہے اور کان زنا کرتے ہیں اور ان کازنا سننا ہے اور زبان بھی زناکرتی ہے اور اس کا زنابولنا ہے اور ہاتھ بھی زنا کرتے ہیں اور ان کا زنا غیرمحرم کو پکڑنا ہے۔
-6
رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا کہ میں غیرت مند ہوں اور اللہ تعالیٰ مجھ سے بھی زیادہ غیرت والے ہیں اور غیرت ہی کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے ظاہری اور باطنی بے حیائیوں کو حرام کردیا ہے۔
-7
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا کہ ہر آنکھ قیامت کے دن روئے گی مگر وہ آ نکھ جو اللہ تعالیٰ کی حرام کی ہوئی چیزوں کے دیکھنے سے بند رہے اور وہ آنکھ جو اللہ تعالیٰ کی راہ (جہاد)میں جاگتی رہے اور وہ آنکھ جو اللہ تعالیٰ کے خوف سے روئے گو آنسو صرف مکھی کے سر کے برابر ہی نکلا ہو۔
-8
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے منع فرمایا کہ آدمی کسی امرد (نو عمر بغیر ڈاڑھی والے لڑکے) کو نظر جما کردیکھے۔
-9
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ تم شہزادوں کے ساتھ نہ بیٹھوکیونکہ ان کا فتنہ دوشیزہ لڑکیوں کے فتنہ سے بھی زیادہ ہے۔
-10
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا کہ نامحرم عورتوں کے پاس آنے جانے سے بچاکرو۔ایک شخص نے عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دیور کے حق میں کیا فرماتے ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’دیورتو موت ہے ‘‘۔
تنبیہ
موت اس لئے ارشاد فرمایا کہ دیور ہمیشہ گھر میں رہتا ہے ،اگر خدانخواستہ آنکھ لڑگئی تو اس سے جو نتائج بد پیداہوں گے وہ کسی صاحبِ عقل سے پوشیدہ نہیں۔
© Copyright 2025, All Rights Reserved