• ہلوکی روڈ ڈیفنس
  • Mon - Sat 8:00 - 18:00

خلاصہ جمال القرآن تعارف

بسم اللہ الرحمن الرحیم

خلاصہ جمال القرآن

وجہ کاوش

بعد الحمد والصلوۃ کے عرض ہے کہ ذیل کے چند اوراق میں حکیم الامت مجدد ملت شیخ القرآن حضرت مولانا مفتی حافظ قاری شاہ محمد اشرف علی صاحب تھانوی قدس  سرہ کی تالیف ’’جمال القرآن ‘‘ کا خلاصہ ہے۔ کتاب میں حضرت مولانا قاری اظہار احمد صاحب تھانوی قدس سرہ کا حاشیہ بھی دیا ہواہے۔جس سے اس کی ضخا  مت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ جو حضرات دنیاوی تعلیم میں مشغول ہیں اول تو ان میں شوق نہیں ،اگر کسی میں شوق ہو تو وقت نہیں اور اگر کوئی وقت نکال لیوے تو اسے پورا جمال القرآن مع حاشیہ پڑھنا بہت بھاری لگتاہے۔ بعض جگہ ثقیل الفاظ کی موجودگی اور مختلف قواعد کے نام انہیں مشکل معلوم ہوتے ہیں۔ اس واسطے خیال پیدا ہوا کہ اپنے عام لوگوں کیلئے جمال القرآن سے تجوید کے موٹے موٹے قاعدے سادہ زبان میں نکال کر الگ کرلیے جاویں تاکہ ان حضرات کو کم از کم قرآن پاک تو صحیح تلفظ سے پڑھنا آجائے۔ چونکہ مقصود قرأت نہیں بلکہ مقصود صرف یہ ہے کہ قرآن پاک صحیح تلفظ سے پڑھنا آجائے‘ اس واسطے بعض جگہ تو قواعد کو مختصر کردیا گیا ہے اور بعض جگہ ایسے قواعد کو چھوڑ دیا گیا ہے جو قرأت کیلئے تو ضروری ہیں مگر تلفظ اس کے بغیر بھی درست ہوسکتاہے۔ اسی طرح اگر کسی جگہ ایک ہی حرف یا تلفظ کو ادا کرنے کے ایک سے زائد قواعد لکھے تھے تو ان میں سے ایک قاعدہ لیا گیا ہے جو کہ عام فہم ہو اور عوام میں رائج ہو۔ مختلف قواعد کے نام بھی نہیں لکھے الا یہ کہ ضروری ہو۔ بعض جگہ انگریزی اور میڈیکل کی زبان میں بعض الفاظ کا مطلب بھی لکھ دیا گیا ہے۔ کوشش یہ کی گئی ہے کہ کم وقت میں سمجھ آجائے تاکہ دل جمعی بھی برقرار رہے اور قرآن پاک بھی صحیح تلفظ سے پڑھنا آجائے۔ انشاء اللہ تعالیٰ۔ بہر حال یہ صفحات پڑھ کراپنے آپ کو ماہر نہ سمجھنے لگ جائے۔ نظر اللہ تعالیٰ کی رحمت پر رہے۔ نیز علم صرف کتب پڑھنے سے ہی نہیں آتا لہذا کسی ماہر قاری صاحب سے ضرور مشق کرے اور کم از کم نورانی قاعدہ ان اوراق کے علاوہ ضرور پڑھ لے۔ اگر کسی قاعدے کے متعلق تفصیل کی ضرورت ہو تو جمال القرآن یا اس کی شروحات دیکھی جاسکتی ہیں۔ مندرجہ ذیل اوراق میں کسی قسم کی غلطی ہو تو راقم الحروف کے اعمال کی سیاہی کا نتیجہ سمجھا جائے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس خدمت کو قبول فرمائیں اور لوگوں کے لئے نافع نبائیں اور نیت کو اپنے لئے خالص رکھیں(آمین)۔ دعائوں کی درخواست ہے۔

واللہ تعالیٰ ھوالموفق وھو المستعان ولا حول ولا قوۃ الابہ۔

© Copyright 2025, All Rights Reserved